10 مارچ ، 2024
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے کرکٹ کے بعد گالف کورس میں انٹری مار دی۔
سابق کپتان وقار یونس کراچی میں موجود پاکستان سپر لیگ کی کمنٹری میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں لیکن وہ اتوار کو کراچی گالف کورس پر گالف کھیلتے دکھائی دیے ۔
وقار یونس نے فنڈریزنگ گالف ٹورنامنٹ میں شرکت کی اور 18 ہول پر مقابلہ کرتے دکھائی دیے۔
انہوں نے اپنی ٹیم ایبٹ کی جانب سے کھیلتے ہوئے 7 برڈیز کھیلیں جبکہ ہول نمبر8 پر تقریباً 17 فٹ کے فاصلے سے شاندار برڈی پٹ کیا۔ اس موقع پر ان کی ممبر نے ہول ان ون کارنامہ بھی انجام دیا مگر وہ کار جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ گالف ٹورنامنٹ کھیل رہے ہیں اور نیک مقصد کیلئے کھیل کر اچھا لگ رہا ہے۔
واضح رہے کہ فنڈریزنگ گالف ٹورنامنٹ ہیپاٹائٹس کے مستحق مریضوں کیلئے کھیلا گیا تھا جس سے حاصل کی گئی آمدنی مریضوں کے علاج کیلئے استعمال ہوگی۔