13 مارچ ، 2024
پشاور سے ابوظبی جاتے ہوئے کراچی میں اتارے گئے پی آئی اے کے طیارے میں سنگین فنی خرابی کا انکشاف ہوا ہے۔
پشاور سے ابوظبی کی پرواز نے 11 مارچ کی رات کراچی میں ٹیکنیکل لینڈنگ کی تھی، پرواز پی کے 217 کے تینوں نیوی گیشن سسٹم بیک وقت فیل ہوگئے تھے جب کہ خرابی کے باعث آٹو پائلٹ سمیت دیگر متعلقہ سسٹمز بھی بند ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق طیارے کے تینوں آئی این ایس سسٹم کی خرابی پر پرواز کو کراچی اتارا گیا تاہم کپتان نے مہارت کے ساتھ طیارے کو کراچی ائیرپورٹ پر اتارا۔
ذرائع نے بتایا کہ طیارے کی فنی خرابی 4 گھنٹے بعد دور کی گئی اور ٹیکنیکل جانچ پڑتال کے دوران مسافر طیارے میں ہی موجود رہے جب کہ پرواز رات سوا ایک بجے کراچی سے ابوظبی کیلئے روانہ ہوئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایک آلے کی خرابی پر پرواز کو کراچی منتقل کیا گیا جسے چند گھنٹے میں بحال کردیا گیا۔