13 مارچ ، 2024
پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا۔
ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو 88 رنز سے ہرایا۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ڈیف ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 151 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
واضح رہے کہ ڈیف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 6 سے 12 مارچ تک شارجہ میں کھیلا گیا جس میں 6 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 جیتنے پر پاکستانی ڈیف کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی ڈیف کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، باسط عباسی نے بلے بازی جبکہ جبار علی اور منظور خان نے بولنگ میں بہترین کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیف کرکٹ کے کھلاڑیوں نے ٹیم ورک اور محنت کے ساتھ فائنل میں سری لنکا کو شکست دی، میرا یقین ہے کہ جذبے، ٹیم ورک اور عزم ہی کامیابی کی کنجی ہے۔