پی آئی اے اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کریں گے، بانڈ بیچ کر پیسہ لائیں گے: وزیر خزانہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہےکہ حکومت کو  پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا، دوست ملکوں سے قرض لےکر رول اوور کرانےکا فارمولا اب نہیں چلےگا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نےمہنگائی اور شرحِ سود میں جلد کمی کی توقع کی اور  اخراجات میں کمی کا عزم کیا۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ  حکومت کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا،  دوست ملکوں سے قرض لے کر رول اوورکرانے کا فارمولا اب نہیں چلےگا، دوست ملکوں نےکہہ دیا ہےکہ مدد کرنا چاہتے ہیں  پر  امداد کی صورت نہیں سرمایہ کاری کے ذریعے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نجکاری درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں صوبوں کے حوالے نہیں کریں گے بلکہ ان کی نجکاری کریں گے اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی پرائیوٹ سیکٹر میں لے جائیں گے، ریونیو لیکیج  روکنےکے لیے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مالی سال میں چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈ بیچ کر پیسہ لائیں گے، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سندھ کی طرح نجی شعبے کی شراکت سے کام کریں گے، اب ہماری معاشی ترقی کی بنیاد برآمدات ہوں گی، ایسی ترقی نہیں چاہتے جس میں درآمدات اور تجارتی خسارہ بڑھ جائے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ آئی ٹی کا شعبہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم ترین کردار ادا کرے گا، دنیا میں آئی ٹی سیکٹر میں فری لانس کام کرنے والی دوسری بڑی آبادی پاکستان میں رہتی ہے، جب تک توانائی سستی نہیں کریں گے، ٹیکسٹائل کا شعبہ دوسرے ملکوں کا مقابلہ نہیں کر پائے گا۔

انہوں نے بتایاکہ زراعت میں بھی قلیل مدت میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے، اس سال دو ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کیا، گندم کی فی ایکڑ پیداوار 36 من ہے، اگر یہ 40 من سے زیادہ ہو جائے تو گندم برآمد کر سکیں گے، پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر ٹیکس کا مزید بوجھ ڈالنے کا آپشن نہیں، اب ہم ٹیکس بیس وسیع کریں گے۔

مزید خبریں :