Time 14 مارچ ، 2024
پاکستان

سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخاب، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کا ووٹ نہ دینے کا فیصلہ

ممبران قومی اسمبلی سینیٹ الیکشن کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ فوٹو قومی اسمبلی ایکس
ممبران قومی اسمبلی سینیٹ الیکشن کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔ فوٹو قومی اسمبلی ایکس

سینیٹ کی 6 خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ سے سینیٹ کی نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب پر پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

سینیٹ کی نشست کے لیے اسلام آباد سے سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی امیدوار ہیں، اسلام آباد کی نشست کے لیے ووٹنگ قومی اسمبلی میں ہو رہی ہے۔

سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے جام سیف اللہ خان اور محمد اسلم ابڑو امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے نذیر اللہ اور شازیہ سہیل بھی سندھ سے سینیٹ کے امیدوار ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے ارکان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلوچستان سے سینیٹ کی 3 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے 7 امیدوار میدان میں ہیں۔

پیپلز پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو اور مسلم لیگ ن کے دوستین ڈومکی امیدواروں میں شامل ہیں، جے یو آئی ف کے عبدالشکور خان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے کہدہ بابر اور مبین خلجی بھی امیدوار ہیں۔

دو امیدوار سید محمود شاہ اور میر حربیار ڈومکی بھی آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سینیٹ کی 6 نشستیں یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفورحیدری، نثارکھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفرازبگٹی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

مزید خبریں :