16 مارچ ، 2024
کراچی پولیس نے گزری کے علاقے میں فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والے چینی باشندے کے مرنے کی وجہ طبعی موت قرار دیدی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاش چند روز پرانی ہے، تعفن اٹھنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس کو آگاہ کیا جس پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور فلیٹ کا دروازہ توڑ کر لاش نکالی۔
پولیس نے بتایا کہ موت بظاہر طبعی معلوم ہوتی ہے لیکن اصل وجہ جاننے کیلئے پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے جس میں اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ چینی باشندہ فلیٹ میں اکیلا رہائش پذیر تھا جب پولیس اہلکار فلیٹ پر پہنچے تو دروازہ اندر سے لاک تھا اور فلیٹ میں آنے جانے کا صرف ایک ہی راستہ ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ باہر سے فلیٹ میں کوئی بھی نہیں گیا اور بظاہر نیچرل ڈیتھ کا ہی معاملہ لگتا ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں چینی قونصلیٹ سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔