16 مارچ ، 2024
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد اور سعود شکیل پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
جمعہ کی شب کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد اور سعود شکیل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جس پر دونوں کرکٹرز پر لیول 1 کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
ابرار احمد کو کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.4 کی خلاف ورزی کے تحت جرمانہ کیا گیا، انہوں نے دوران میچ امپائرز کے احکامات کو نظر انداز کیا تھا، یہ واقعہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ کے 19ویں اوور میں پیش آیا تھا۔
اسی میچ میں سعود شکیل بھی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے، 12ویں اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز سلمان علی آغا کو آؤٹ کرنے کے بعد سعود سلمان کے قریب گئے اور ایسے ریمارکس دیے جو بلے باز کو مشتعل کر سکتے تھے۔
دونوں کھلاڑیوں نے الزامات کا اعتراف کرتے ہوئے میچ ریفری محمد جاوید کی طرف سے تجویز کردہ پابندیوں کو قبول کیا۔