Time 17 مارچ ، 2024
پاکستان

مریم نوازکی مداخلت سے ملیکہ بخاری کوبیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی بروقت مداخلت سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری کو بہن کی عیادت کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی۔

ملیکہ بخاری نے بیرون ملک جانے کی اجازت کے سلسلے میں مدد کرنے پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔

ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ انہیں اطلاع دی گئی ہے کہ ان کا نام نو فلائی لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے ملیکہ بخاری نے اپنی بڑی بہن کی بیماری کے حوالے سے بیرون ملک جانے کی اپیل کی تھی۔

ملیکہ بخاری نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ میری بڑی بہن وینٹی لیٹر پر ہیں ان کے تمام بہن بھائی آسٹریلیا جا رہے ہیں، میں بھی اپنی بہن کو دیکھنے جانا چاہتی ہوں۔

ملیکہ بخاری نے لکھا تھا کہ بڑی بہن کو دیکھنےبیرون ملک جانا چاہتی ہوں لیکن میرا نام نو فلائی لسٹ پر ڈالا ہوا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو مینشن کر کے لکھا کہ انہیں اپنی بہن سے ملنے کیلئے آسٹریلیا جانے کی ون ٹائم اجازت دی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کے اکاؤنٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ملیکہ بخاری کو  باہر  بھجوانے کیلئے متعلقہ حکام سے بات کریں گی، مریم نواز نے ان کی بہن کی صحت و سلامتی کیلئے دعا بھی کی تھی۔

مزید خبریں :