پی ٹی آئی نے شہدا کی توہین سے متعلق سوشل میڈيا پر کوئی مہم نہیں چلائی: بیرسٹر سیف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کی توہین سے متعلق پی ٹی آئی نے سوشل میڈيا پر کوئی مہم نہیں چلائی۔

 بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ن لیگ شہدا کو سیاست میں گھسیٹ کر ان کی قربانیوں کے نام پر سیاست کر رہی ہے، پی ٹی آئی محب وطن جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بھی خواجہ آصف اور عطا تارڑ کے بیانات کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ  پی ٹی آئی نے ہمیشہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والے جوانوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جوانوں کی شہادت کو اپنے سیاسی عزائم کیلئے استعمال کرنے والے قوم کے خیرخواہ نہیں، ملک کی حفاظت پر مامور ایک ایک جوان پر قوم کو فخر ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا  تھا کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا جس میں پاک فوج کے جوان اور افسران شہید ہوئے لیکن ایک سیاسی جماعت نے شہدا کی قربانیوں سے متعلق سوشل میڈیا پر توہین آمیز مہم چلائی جو قابل مذمت ہے۔

علاوہ ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ دہشت گردی خیبرپختونخوا میں ہو رہی ہے، جو شہدا کے خلاف بیانات دیتے ہیں ان کا دہشت گردوں سے ضرور کوئی رابطہ ہے۔

مزید خبریں :