Time 18 مارچ ، 2024
پاکستان

غیرقانونی مقیم افغانوں کی ملک بدری کیلئے آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کرنیکا حکم

اب تک 4 لاکھ سے زائد غیر قانونی غیر ملکی افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ فوٹو فائل
 اب تک 4 لاکھ سے زائد غیر قانونی غیر ملکی افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ فوٹو فائل

لاہور: وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت کو 15اپریل سے افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی ملک بدری کیلئے آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین سمیت محکمہ داخلہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پنجاب کو افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز (اے سی سی) کی فہرستیں فراہم کی جائیں گی جنہیں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ جس طرح غیر قانونی غیر ملکی اور افغان شہریوں کو گرفتار کرکے ضلعوں میں قائم ہولڈنگ سینٹرز میں رکھا گیا اور پھر ڈی پورٹ کیا گیا اسی طرح اے سی سی کارڈ ہولڈرز کو بھی پہلے رضا کارانہ طور  پر واپس افغانستان جانے کے لیے کہا جائے گا جس کے بعد انہیں گرفتار کرکے ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کا ڈیٹا وفاقی حکومت کے پاس موجود ہے جس کی وجہ سے ماضی میں غیر قانونی غیر ملکیوں کو ٹریس کرنے میں جو مشکلات درپیش آئیں وہ اب نہیں ہوں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ غیر ملکیوں کی ملک بدری کے فیز ٹو کے ختم ہونے کے فوری بعد فیز تھری شروع کرنے کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جس میں افغان پی او  آر (Proof of Residence) کارڈ ہولڈرز کو ملک بدر کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اب تک 4 لاکھ سے زائد غیر قانونی غیر ملکی افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔

مزید خبریں :