Time 18 مارچ ، 2024
دنیا

شمالی کوریا کا شارٹ رینج بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ

شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربے ایسے موقع پر کیے گئے ہیں جب امریکا اور جنوبی کوریا اپنی 11 روزہ مشترکہ فوجی مشقیں ختم کررہے ہیں/ فوٹو اے پی
شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربے ایسے موقع پر کیے گئے ہیں جب امریکا اور جنوبی کوریا اپنی 11 روزہ مشترکہ فوجی مشقیں ختم کررہے ہیں/ فوٹو اے پی

شمالی کوریا نے امریکی وزیر خارجہ کے دورہ جنوبی کوریا کے موقع پر بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا نے شارٹ رینج بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے جو اس نے مشرقی سمندر کی جانب سے فائر کیے۔

امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا نے مشرقی ساحل کی طرف کچھ بیلسٹک میزائل فائر کیے ہیں، عام طور پر اس ساحلی پٹی کو جاپانی ساحل کہا جاتا ہے۔

جاپانی کوسٹ گارڈز نے بھی شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی تصدیق کی اور کہا کہ میزائل پہلے ہی اپنے ہدف پر گرچکے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربے ایسے موقع پر کیے گئے ہیں جب امریکا اور جنوبی کوریا اپنی 11 روزہ مشترکہ فوجی مشقیں ختم کررہے ہیں جب کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جنوبی کوریا میں ہونے والی ڈیموکریسی سمٹ  سے خطاب بھی کرنا ہے۔

شمالی کوریا، امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کی مذمت کرتا آیا ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ یہ مشقیں مداخلت کی تیاری ہے۔

شمالی کوریا نے اس حوالے سے امریکا اور جنوبی کوریا کو خبردار بھی کیا تھا کہ وہ اس طرح کی مشترکہ فوجی مشقوں کی بھاری قیمت ادا کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں ہونے والی ان مشقوں میں حصہ لینے کے لیے 27 ہزار امریکی فوجی وہاں موجود تھے۔

مزید خبریں :