20 مارچ ، 2024
عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے معاملے پر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کیلئے درخواست دائر کر دی۔
عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتخابی دھاندلی کے معاملے کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، جوڈیشل کمیشن عام انتخابات کا آڈٹ اور اس کے بعد آنے والے نتائج کا آڈٹ کرے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ملک میں بننے والی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو فوری کام سے روکا جائے اور جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔
خیال رہے کہ 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت اکیلے حکومت بنانے کے لیے سادہ اکثریت حاصل نہ کر سکی، مسلم لیگ ن 75 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ پیپلز پارٹی کو 54 سیٹیں حاصل ہوئیں اور 101 آزاد امیدوار بھی کامیاب قرار پائے۔