22 مارچ ، 2024
اسلام آباد: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس میں عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پرتوہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے توہینِ عدالت کی درخواستوں پرتحریری جواب جمع کرایا۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے جواب پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے عدالتی حکم پرعمل نہ کرنے کے اپنے اقدام کا جواز دینے کی کوشش کی، آئندہ سماعت پر اس متعلق عدالت کو مطمئن کریں۔
دوران سماعت سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے غیرمشروط معافی مانگ لی۔
بعد ازاں عدالت نے 26 مارچ کو درخواست گزاروں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا حکم جس میں علامہ ناصرعباس، شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور فردوس شمیم نقوی کی بھی ملاقات کرانے کا حکم دیا گیاہے۔