25 مارچ ، 2024
لاہور: پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل اے تھامسن نے استعفا دے دیا۔
ایچی سن کالج کے پرنسپل نے اسٹاف کوخط کے ذریعے اپنے استعفے سے آگاہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ گورنرہاؤس کےمتعصبانہ اقدامات نے اسکول کی گورننس اور نظم و نسق کو خراب کیا،کچھ لوگوں کو ترجیح دینے کے لیے اسکول کی پالیسی کو نقصان پہنچایا گیا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ اسکول میں سیاست اور اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں، یکم اپریل کے بعد مینجمنٹ اور داخلوں میں کوئی کردار ادا نہیں کریں گے۔
واضح رہےکہ احد چیمہ کی بیوی نےفیس معافی کیلئےگورنر پنجاب کو درخواست دی تھی،گورنر پنجاب کے کہنے پر احد چیمہ کے دونوں بچوں کی 3 سال کی فیس معاف کی گئی۔
گورنر پنجاب کے حکم نامے کے مطابق انہوں نے ہمدردانہ غور کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ کے بچوں کی فیس معاف کی،کالج کے پرنسپل نے منظور شدہ چھٹی کے دورانیے کے بعد اسکول جوائن نہ کرنے پر احد چیمہ کے بچوں کا داخلہ بھی منسوخ کیا تھا،گورنر پنجاب نے پرنسپل کے وہ آرڈرز بھی مسترد کردیے تھے۔
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ احد چیمہ کے بچے 3 سال سے ایچی سن کالج میں نہیں پڑھ رہے، اس لیے ان کی اہلیہ نے رولز کے مطابق فیس معافی کی درخواست دی جسے گورنر پنجاب نے قانون کے مطابق منظورکیا، رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیں توپتاچلےکہ معاملے کو غلط رنگ دیا جارہاہے۔