Time 26 مارچ ، 2024
دنیا

امریکی شہر بالٹی مور میں حادثہ، کارگو شپ ٹکرانے سے پل ٹوٹ گیا، ہلاکتوں کا خدشہ

حادثے کے بعد دونوں طرف سے پل کی تمام لائنز بند کردی گئی ہیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے: حکام/ فوٹو: رائٹرز
حادثے کے بعد دونوں طرف سے پل کی تمام لائنز بند کردی گئی ہیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے: حکام/ فوٹو: رائٹرز

امریکی شہر بالٹی مور کے مشہور پل سے کارگو شپ ٹکرانے کے باعث پل ٹوٹ گیا جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کے فرانسس اسکاٹ کی برج سے ایک بڑی کارگو شپ ٹکرائی جس سے پل کو بری طرح نقصان پہنچا اور پل کا بڑا حصہ ٹوٹ کر دریا میں جاگرا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق یہ حادثہ رات ڈیڑھ بجے پیش آیا جس میں ایک کارگو شپ پل سے ٹکرائی اور اس میں آگ لگ گئی جب کہ کارگو شپ دریا میں ڈوب گئی اور پل ٹوٹنے سے اس پر چلنے والی کچھ گاڑیاں بھی دریا میں گری ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک پانی میں سے 2 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے میں جہاز پر موجود عملے کے افراد محفوظ رہے۔

میری لینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق حادثے کے بعد دونوں طرف سے پل کی تمام لائنز بند کردی گئی ہیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے۔

فوٹو: بشکریہ بی بی سی
فوٹو: بشکریہ بی بی سی

بالٹی مور کے میئر کا کہنا ہےکہ حادثے کے بعد ایمرجنسی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور ریسکیو اقدامات جاری ہیں۔


فوٹو رائٹرز
فوٹو رائٹرز

پولیس کے مطابق پل ٹوٹنے سے کئی گاڑیاں دریا میں گری ہیں اور 7 افراد بھی دریا میں گرے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

مزید خبریں :