شانگلہ خودکش حملہ: وزیراعظم کی چینی سفارتخانے آمد، چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت

شانگلہ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں چینی باشندوں کی ہلاکت کے بعد وزیراعظم  شہباز  شریف اسلام آباد میں چینی سفارتخانے پہنچے اور  5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔

وفاقی وزرا اسحاق ڈار، محسن نقوی اور عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم نے چینی صدر  اور  چینی وزیرِاعظم کے لیے واقعےکے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  پاکستان  واقعےکی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرائےگا،  واقعے کے ذمہ داروں و سہولت کاروں کو قرار  واقعی سزا دےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ  پاک چین دوستی کونقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سی پیک دشمنوں نے پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنےکی سازش کی،   دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

چینی سفیر  نے  وزیراعظم کی آمد اور تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفارتخانے میں چینی سفیر سے ملاقات کی ۔

محسن نقوی نے چینی سفیر کو دھماکےکی تمام تفصیلات اور ہلاکتوں کے بارے میں آگاہ کیا اور  جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو  آپریشن سے بھی چینی سفیر کو  آگاہ کیا۔

وزیرداخلہ نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کےغم میں برابر کی شریک ہے۔

محسن نقوی نےکہا کہ واقعےکی جامع تحقیقات کویقینی بنا کر ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پرحملہ ناقابل برداشت ہے، عظیم دوطرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

مزید خبریں :