Time 26 مارچ ، 2024
پاکستان

پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کیساتھ یکجہتی کیلئے کھڑی ہے: پاک فوج کی شانگلہ واقعے کی مذمت

پاک فوج نے شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی شہریوں سمیت 6 بےگناہ افراد کی ہلاکت کی مذمت  کرتے ہوئے کہا ہےکہ  پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 5 چینیوں سمیت 6 افرا د ہلاک ہوگئے۔

اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنائی۔

پاک فوج نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر، تربت اور بشام میں دہشت گردی کے واقعات کا مقصد داخلی سلامتی کی صورتِ حال کو غیر مستحکم کرنا ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہناہے کہ دہشت گردی کے واقعات اندرونی سکیورٹی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی بزدلانہ کارروائیاں ہے، گوادر اور تربت میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے حملے ناکام بنائے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے، قوم اس بزدلانہ کارروائی کی بلا امتیاز مذمت کرتی ہے، یہ عناصر مسلسل دہشت گردی کے سرپرستوں کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور اسٹریٹجک اتحادیوں بالخصوص چین کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی شعوری کوشش کی جا رہی ہے، بعض غیر ملکی عناصر اپنے مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہیں، مسلح افواج کے خلاف تشدد کی ایسی گھناؤنی کارروائیاں ہمارے عزم کو پست نہیں کرسکتیں۔

 آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بطور فرنٹ لائن ریاست مقابلہ کرنے والا واحد ملک ہے، چین کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردی میں ملوث افراد کو جوابدہ ٹھہرائے جانے کو یقینی بنائیں گے، یقینی بنایا جائے گا کہ دہشت گرد مناسب انجام تک پہنچیں، ہم مل کر مصیبت اور برائی پر غالب آئیں گے، ان شااللہ۔

خیال رہے کہ 20 مارچ کو سکیورٹی فورسز نے گوادر میں پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گرد حملہ بھی ناکام بنایا تھا اور جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ دو جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

مزید خبریں :