Time 29 مارچ ، 2024
کاروبار

اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان، 100 انڈیکس نئی ریکارڈ بلندی پر پہنچ گیا

100 انڈیکس 165پوائنٹس کے ساتھ 67307 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔ فوٹو فائل
 100 انڈیکس 165پوائنٹس کے ساتھ 67307 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔ فوٹو فائل

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان آج بھی جاری ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی گونگ تقریب میں شرکت کی اور روایتی گھنٹی گونگ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا۔

آج بھی کاروبار کا مثبت آغاز ہوا اور 100 انڈیکس 165پوائنٹس کے ساتھ 67307 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔

تقریب میں چائنیز ڈائریکٹر پی ایس ایکس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کی پی ایس ایکس میں آمد سے ان کی دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔

یو ہینگ کا کہنا تھا انڈیکس کا نئی بلند ترین سطح پر پہنچنا موجودہ حکومت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا اظہار ہے، موجودہ حکومت اصلاحات کے عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمارا عزم ہے کہ کیپیٹل مارکیٹ پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے اور اس معاملے میں چیئر پرسن پی ایس ایکس بورڈ ڈاکٹر شمشاد اختر ہماری رہنمائی کر رہی ہیں۔

موجودہ اعداد و شمار مارکیٹ کی صلاحیت کی نشاندہی کرتے ہیں: سی ای او پاکستان اسٹاک

سی ای او پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا پاکستان کیپیٹل مارکیٹ سب سے زیادہ ڈاکیومینٹڈ ہے، اسٹاک مارکیٹ میں کسی زمانے میں 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری تھی، بیرونی سرمایہ کاری اس وقت 1 ارب ڈالر ہے، یہ اعداد مارکیٹ کی صلاحیت کی نشاندہی کرتے ہیں۔

فرخ ایچ خان کا کہنا تھا ٹیکس کا ساز گار ماحول فراہم کریں، ہمیں سبسڈی نہیں چاہیے لیول پلیئنگ فیلڈ چاہیے، ہم جانتے ہیں کہ آپ کی حکومت کو معیشت کے لیے مشکل فیصلے کرنے ہیں، کراچی: ہم آپ کے اہم فیصلوں کی حمایت کریں گے، مارکیٹ کا ریکارڈ بنانا آپ پر اعتماد کا مظہر ہے۔

مزید خبریں :