29 مارچ ، 2024
اپنے سخت بیانات اور تنقید کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہنے والی بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ میں اور شاہ رخ خان اسٹارز کی آخری نسل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنی آنے والی نئی فلم 'ایمرجنسی' کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی اداکار کے کیرئیر میں صرف ہٹ فلمیں نہیں آئیں، شاہ رخ خان کی فلمیں 10 سال تک نہیں چلیں اور پھر 'پٹھان' ہٹ ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ میری فلمیں سات آٹھ سال تک نہیں چلیں لیکن پھر 'کوئین' نے توجہ سمیٹی اور پھر کچھ اور اچھی فلمیں آئیں، پھر تین چار سال بعد میری فلم ’مانی کارنیکا‘ نے بھی بڑے پردے پر کام دکھایا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ اب فلم 'ایمرجنسی' آرہی ہے اور شاید یہ فلم ہٹ ہو جائے۔
کنگنا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں اور شاہ رخ خان اس نسل کے آخری اسٹارز ہیں، او ٹی ٹی ( اوور دی ٹاپ میڈیا سروس) اسٹارز نہیں بناتا، ہم بہت مشہور چہرے ہیں اور خدا کے فضل سے ہماری کافی ڈیمانڈ بھی ہے۔