02 اپریل ، 2024
پشاور: خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔
خیبرپختونخوا میں مقررہ وقت صبح 9 بجے سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ شروع نہ ہوسکی جب کہ سینیٹ انتخابات کے لیے انتظامات مکمل تھے اور الیکشن عملہ بھی موجود تھا۔
خیبرپختونخوا اسبملی میں اپوزیشن اراکین نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے لیے درخواست جمع کروائی تھی۔
اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نےصوبائی الیکشن کمشنر کو درخواست دی جس میں مؤقف اپنایا گیا تھاکہ ان کے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کیا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات تاحکم ثانی ملتوی کردیے گئے۔
خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے التوا کے حوالے سے الیکشن کمیشن نےتحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مؤقف اپنایا ہے کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے مخصوص نشستوں کے ممبران نےحلف برداری کے لیے رابطہ کیا تاہم اسپیکر نے ارکان کی حلف برداری کے انتظامات نہیں کیے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر ممبران کی حلف برداری تک خیبرپختونخوا کی حد تک سینیٹ الیکشن ملتوی کیاجاتا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں ممبران کی حلف برداری کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے الیکٹورل کالج مکمل نہیں۔
کے پی میں مخصوص نشستوں کا تنازع
خیبرپختونخوا میں اپوزیشن اراکین نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس میں استدعا کی گئی مخصوص نشستوں پر ان کے 25 اراکین سے حلف لیا جائے، حلف نہ لیاجائے تو الیکشن ملتوی کیا جائے۔
اپوزیشن کے ان 25 اراکین سے حلف لیا گیا اور اس کے بعد انتخابات ہوئے تو اپوزیشن کو سینیٹ کی 11 میں سے 4 نشستیں ملیں گی، اگر حلف نہ لیا گیا تو 11 میں سے 10 نشستیں حکومت کو ملنے کا امکان ہے۔