پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے 9 پلیئرز آئی پی ایل اور ایک پلیئر کاؤنٹی کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں: نیوزی لینڈ کرکٹ— فوٹو: فائل
پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے 9 پلیئرز آئی پی ایل اور ایک پلیئر کاؤنٹی کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں: نیوزی لینڈ کرکٹ— فوٹو: فائل

 پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئےکیوی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی اعلان کردہ ٹیم کیلئے اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں مائیکل بریس ویل کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کے 9  اہم کھلاڑی آئی پی ایل اور  1 کھلاڑی کاؤنٹی کھیلنے کی وجہ سے  ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ مائیکل بریس ویل پہلی مرتبہ کیوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

دورہ پاکستان کیلئے کیوی اسکواڈ میں فن ایلن، مارک چیپمین،  جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لسٹر اور کول مک کونچی کے نام شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ایڈم ملنے، جمی نیشم ، بین سیئرز، ٹم سائفرٹ اور  اش سودھی بھی کیوی ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ ٹم رابن سن اور ول اورارکی کو  پہلی مرتبہ  اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق ٹرینٹ بولٹ، ڈیوان کانووے، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل آئی پی ایل میں مصروف ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بن پائے ہیں جبکہ گلین فلپس، رچن روندرا، کین ولیم سن اور مچ سینٹنر بھی آئی پی ایل کی ہی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کاؤنٹی کھیلنے کی وجہ سے  ول ینگ جبکہ گھریلو مصروفیات کی باعث ٹام لیتھم بھی دستیاب نہیں ہو پائیں گے اور  ٹم ساؤتھی کو ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت دورہ پاکستان کیلئے آرام دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 18 اپریل سے شروع ہوگی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 12 اپریل کو پاکستان کیلئے روانہ ہوگی۔