03 اپریل ، 2024
پشاور: تربیلا کے بعد چینی کمپنی نے دیامر بھاشا ڈیم پر دوبارہ کام شروع کردیا تاہم داسو ڈیم پر کام تاحال معطل ہے۔
معتبر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ داسو ڈیم پر کام چند روز میں دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔
دیامر بھاشا ڈیم کے جنرل منیجر نزاکت حسین نے تصدیق کی کہ چینی کمپنی نے ڈیم پر دوبارہ کام شروع کردیا ہے،تقریباً 350 چینی شہریوں نے کام شروع کردیا ہے جب کہ 6 ہزار مقامی عملہ پہلے ہی ڈیم پر کام کررہا ہے۔
داسو ڈیم انجینئرز کی بس پر خودکش حملے میں 5 چینی شہریوں کی ہلاکت کے بعد چینی کمپنی نے کام روک دیا۔
دیامر بھاشا ڈیم خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان اور گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے درمیان دریائے سندھ پرتعمیر کیا جارہا ہے ۔
13 مئی 2020 کو پاکستانی حکومت نے ڈیم کی تعمیر کے لیے چائنا پاور اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے جوائنٹ وینچر کے ساتھ 442 ارب روپے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔