03 اپریل ، 2024
امریکی جریدے فوربز نے 2024 کے لیے دنیا کے امیرترین افراد کی فہرست جاری کر دی ہے۔
اس فہرست سے عندیہ ملتا ہے کہ دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران ان کی دولت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ایک سال کے دوران 141 مزید افراد ارب پتی بنے اور مجموعی طور پر 2781 افراد اس فہرست میں شامل ہیں۔
ان افراد کی مجموعی دولت 14 ہزار 200 ارب ڈالرز کے قریب ہے جو 2023 کے مقابلے میں 2 ہزار ارب ڈالرز زیادہ ہے۔
جریدے کے مطابق دو تہائی ارب پتی افراد مزید دولت مند ہوئے، خاص طور پر دنیا کے 20 امیرترین افراد نے مجموعی طور پر ایک سال میں سب سے زیادہ 700 ارب ڈالرز کمائے۔
فہرست کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ ارب پتی امریکا میں رہائش پذیر ہیں جن کی تعداد 813 ہے جس کے بعد چین 473 کے ساتھ دوسرے اور بھارت 200 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
فرانس کے برنارڈ آرنلٹ 2024 کی فہرست میں دنیا کے امیر ترین فرد قرار پائے ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 233 ارب ڈالرز ہے۔
یہ اعزاز انہیں مسلسل دوسرے سال حاصل ہوا ہے، گزشتہ سال کی فہرست میں وہ 211 ارب ڈالرز کے ساتھ سرفہرست تھے، یعنی ایک سال میں ان کے اثاثوں میں 22 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک اس فہرست میں 195 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ایمازون کے بانی جیف بیزوز کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جو 195 ارب ڈالرز کے مالک ہیں جبکہ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ 177 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔
بھارت کے مکیش امبانی 116 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے 9 ویں جبکہ ایشیا کے امیر ترین شخص قرار پائے۔
دنیا کی امیر ترین خاتون فرانس کی Francoise Bettencourt Meyers قرار پائی ہیں جو 99.5 ارب ڈالرز کی مالک ہیں جبکہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں وہ 15 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
ان کے بعد ایلس والٹن 72.3 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کی دوسری (مجموعی طور پر 21 ویں) امیر ترین خاتون ہیں جبکہ 64.3 ارب ڈالرز کے ساتھ Julia Koch تیسری (مجموعی طور پر 23 ویں) امیر ترین خاتون رہیں۔