04 اپریل ، 2024
اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط آسان نہیں ہوں گی۔
کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس مہینے آئی ایم ایف سے اگلی قسط مل جائے گی جبکہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے لیے وزیرخزانہ کی میٹنگ ہوگی، آئی ایم ایف پروگرام کے لیے شرائط آسان نہیں ہوں گی تاہم آئی ایم ایف پروگرام معیشت کی بحالی کے لیے نا گزیر ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، معاشی اعشاریوں میں بہتری اور مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے، معاشی استحکام سے ہی غربت کا خاتمہ ممکن ہے، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پی آئی اےکی نجکاری کے شیڈول پر مکمل عمل درآمد ہوگا، ائیرپورٹس کے معاملے پر ترک کمپنی کا وفد پاکستان آئےگا، طے کیا تھا ممکنہ سرمایہ کاروں کو پاکستان بلائیں، ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کاکام جاری ہے، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ کریں گے۔