06 اپریل ، 2024
تحریک انصاف کورکمیٹی اجلاس میں سیاسی ایپکس کمیٹی اجلاس سے متعلق قرآن پر حلف لینے کا انکشاف ہوا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق کورکمیٹی میٹنگ میں آپس کی لڑائیوں کی خبریں سامنے آنے کے بعد حلف لیا گیا اور قیادت کی جانب سے حکم دیا گیا کہ آپس کی لڑائیوں یا عمران خان کے پیغامات سےمتعلق رائے نہ دی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹرگوہر بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہلے عمر ایوب اور شبلی فراز کو پہنچاتے تھے اور پارٹی رہنماؤں نے متعدد بار ان معاملات پر سوال اٹھائے جن پر تلخی ہوئی، کور کمیٹی کے متعدد ممبران نے پارٹی کے فیصلوں پر سوالات بھی اٹھائے جس کے بعد قرآن پر حلف لیا گیا تا کہ کشیدگی کم کی جاسکے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے پی ٹی آئی کے آن لائن جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا بات ہوئی کہ قرآن پرحلف لیں کہ کچھ لیک نہیں ہوگا مگر پھر بھی یہ سب ہوجائے۔
بیرسٹرگوہر نے کہا چیزوں کا لیک نہ ہونا ڈسپلن ہے جس کا ہمیں احساس کرنا ہے ہمارا لیڈرجیل میں ہے اور ان کی جدوجہد سے ہم نے آگ کا دریا عبور کیا، آپس کے فیصلوں کو خود تک محدود کرنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کچھ وقت سے پی ٹی آئی قیادت میں اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔
گزشتہ روز کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے پی ٹی آئی قیادت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کے اندر اس وقت کچھ منافق اور آستین کے سانپ موجود ہیں، چند لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اب تک خاموش ہوں، مجھے پھٹنے پر مجبور نہ کریں۔