06 اپریل ، 2024
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت کے خلاف پاکستانی قرارداد منظور کرلی گئی۔
پاکستان نے البانیہ کو چھوڑ کر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تمام رکن ممالک کی طرف سے گزشتہ روز اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل میں قرارداد پیش کی۔
پاکستان کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی۔ قرارداد کے حق میں 28 ممالک نے ووٹ دیا، 13 غیر حاضر رہے اور 6 نے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔
قرارداد میں ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر فوجی سازوسامان کی فروخت اور منتقلی بند کریں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے جنوری میں فیصلہ دیا تھا کہ غزہ میں ’نسل کشی کا خطرہ ہے، عالمی انسانی قوانین اور حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے دیگر اقدامات سمیت اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی روکنے کی ضرورت ہے۔
قرارداد میں غزہ میں ’فوری جنگ بندی‘ اور ’ہنگامی بنیادوں پر انسانی رسائی اور امداد‘ کابھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کی سابق اسپیکر نینسی پلوسی سمیت 37 ڈیموکریٹ ارکان نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کیلئے صدر بائیڈن اور وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھا ہے۔