08 اپریل ، 2024
ملک میں قومی کھیل ہاکی سے کھلواڑ ہونے لگا اور دونوں فیڈریشنز نے الگ الگ کیمپ بھی لگانے کا اعلان کردیا۔
ملک میں ہاکی کی دونوں فیڈریشنز نے عید کے بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے الگ الگ کیمپ لگانے کا اعلان کیا ہے اور دونوں کے کیمپس میں 70 فیصد کھلاڑی یکساں ہیں جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔
ایک کیمپ 14 اپریل سے کراچی تو دوسرا 16 اپریل سے اسلام آباد میں لگایا جائے گا اور ایسے میں کھلاڑی مشکل میں پھنس میں گئے کہ جائیں تو جائیں کہاں؟
کھلاڑیوں کا شکوہ ہے مسائل بجائے کم ہونے کے بڑھ رہے ہیں، پہلے کھلاڑی ڈیلی الاؤنس اور سہولتوں کا رونا روتے تھے اب دو فیڈریشنز بننے سے ایک نئی پریشانی نے جنم لے لیا۔
قومی کھلاڑیوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری ایکشن لیں اور کھلاڑیوں کی راہنمائی کریں۔
اذلان شاہ کپ 4 سے 11 مئی تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جانا ہے اور دونوں فیڈریشنز نے اذلان شاہ کپ کے لیے ٹیمیں بھیجنے کا دعویٰ کیا ہے۔