10 اپریل ، 2024
بہاولنگر کے علاقے چک سرکاری میں چھاپے کے دوران خواتین پرتشدد پر ایس ایچ او سمیت 4 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس نے بتایاکہ ایس ایچ او رضوان عباس اور تین اہلکاروں کے خلاف مقدمہ اختیارات کے غلط استعمال اورفرائض میں کوتاہی پر درج کیا گیا۔
پولیس کےمطابق پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں جس کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا تھا اور ملزم کے اہل خانہ نے پولیس پر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور تشدد کا الزام لگایا تھا۔
پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک گھر میں چھاپہ مارا تھا جس دوران اہل خانہ سمیت متعدد افراد نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
پولیس نے خواتین سمیت 23 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔