جرائم
Time 11 اپریل ، 2024

کراچی میں زخمی ڈاکو کو سرعام گولیاں مارنے والا شہری گرفتار

کراچی میں سپر ہائی وے پر جنجال گوٹھ میں زخمی ڈاکو کو سرعام گولیاں مارنے کی ویڈیو سامنے آنے پر پولیس نے فائرنگ کرنے والے شہری کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہسر  کے مطابق گزشتہ روز 3 ڈاکو نوجوان سے موٹرسائیکل چھین رہے تھے تو مزاحمت پر ڈاکوؤں نے مطیع اللہ نامی نوجوان کو گولی مار کر زخمی کردیا۔

ڈاکو فرار ہورہے تھے تو شہریوں نے پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے عوام پر فائرنگ کی جس سے ان کا اپنا ہی ایک ساتھی زخمی ہوگیا اور دو ڈاکو زخمی ساتھی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

زخمی نوجوان مطیع اللہ کے چچا جاوید کو کسی نے کہا کہ تمہارا بھتیجا ڈاکوؤں نے قتل کردیا ہے تو جاوید نے طیش میں آکر ڈاکو کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد ڈاکو کو گولیاں مارنے والے جاوید کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

مزید خبریں :