Geo News
Geo News

Time 12 اپریل ، 2024
پاکستان

لاہور اور کراچی میں جھولوں کے دو مختلف حادثات، 4 بچے زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور اور کراچی میں جھولوں کے دو مختلف واقعات میں چار بچے زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق لاہور کے ریس کورس پارک میں لگا جمپنگ جھولا گرنے سے تین بچے زخمی ہوگئے۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ریس کورس میں بچے جمپنگ جھولا جھول رہے تھے کہ اچانک جھولا گر گیا، جھولا گرنے سے بچے معمولی زخمی ہوئے۔

بعد ازاں ریس کورس پارک انتظامیہ نے بچوں کو جھولے سے بحفاظت نکال لیا اور واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے زخمی بچوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کردی گئی۔

دوسری جانب کراچی کے سفاری پارک میں جھولے سے گر کر ایک بچہ زخمی ہو گیا ہے، بچے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایس ایس پی ایس ایسٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کوئٹہ ٹاؤن کا رہائشی 10 سالہ بچہ اہل خانہ کے ہمراہ رولر کوسٹر رائڈ کے دوران سیفٹی بیلٹ کھول کر کھڑا ہوگیا تھا، جس کے بعد وہ خود کو نہ سنبھال پانے کے باعث گر کر زخمی ہو گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

ڈائریکٹر سفاری پارک امجد زیدی کا کہنا تھا کہ بچے کو لوگوں نے بہت کہا لیکن اس نے سیفٹی بیلٹ نہیں لگائی جس کے باعث حادثہ ہو گیا۔