بلاگ
Time 12 اپریل ، 2024

ڈاکٹر عاصم کی گورنر سندھ سے ملاقات،کیا برف پگھل گئی؟

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پیپلزپارٹی کی لفظی گولہ باری کے موسم میں ڈاکٹرعاصم حسین کی گورنرسندھ محمد کامران خان ٹیسوری سے ملاقات ہوئی ہے جسے سیاسی حلقوں کی جانب سے ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان بڑھتا درجہ حرارت کم کرنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔

سابق وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر عاصم حسین اچانک گورنر ہاؤس کراچی آئے جہاں انہوں نے گورنر سندھ سے ملاقات کی جو کہ آدھے گھنٹے سے زیادہ جاری رہی، اس ملاقات کا مقصد پیپلزپارٹی اور گورنر سندھ کے درمیان تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت کی گئی جب حال ہی میں ایم کیو ایم پاکستان کو خیرباد کہہ کر پی پی پی میں شامل رہنما رضا ہارون نے گورنر سندھ کو ہدف تنقید بنایا تھا۔

گورنر سندھ سے ڈاکٹر عاصم حسین کی اس ملاقات سے چند گھنٹے پہلے جاری بیان میں رضا ہارون نے دعویٰ کیا تھا کامران خان ٹیسوری صوبے کے ناکام ترین گورنرہیں، یہی نہیں بلکہ ان کے دفاع میں ایم کیوایم بھی ناکام ہوگئی ہے۔

رضا ہارون کا دعویٰ تھا کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما وقار مہدی کی جانب سے گورنر سندھ کے خلاف دیے گیے بیانات پر ایم کیوایم بھی خوش ہے کیونکہ ایم کیوایم رہنما اندرونی طورپر انتشار کا شکار ہیں اور کامران ٹیسوری کی تبدیلی چاہتے ہیں۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

رضا ہارون کے اس دعوے سے ایک روز پہلےپیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے اپنی توپوں کا رخ اچانک گورنر سندھ کی جانب کرتے ہوئے شدید لفظی گولہ باری کی تھی۔

وقار مہدی نے کہا تھا کہ کامران ٹیسوری سندھ کے ناکام ترین گورنر ثابت ہوئے ہیں،اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے مگر افسوس کامران ٹیسوری اپنے کردار کو ادا نہ کرسکے اور اختلافات بڑھا رہے ہیں۔

وقار مہدی نے زور دیا تھا کہ جب تک ن لیگ سندھ میں اپنا نیا گورنر نہیں لگاتی، کامران ٹیسوری چھٹیوں پر چلےجائیں اور اسپیکر سندھ اسمبلی انکی جگہ آئینی طورپر یہ عہدہ سنبھال لیں۔

بیان بازی کا یہ سلسلہ نماز عید کی ادائیگی کے بعد گورنر سندھ کی پریس کانفرنس سے شروع ہوا تھا جس میں کامران ٹیسوری نے ایس آئی ایف سی کو پاکستان کا مستقبل قرار دیا اور کہا تھا کہ جب تک کراچی میں امن قائم نہیں ہوگا، سرمایہ کاری نہیں آئے گی، کراچی کا امن ایس آئی ایف سی اپنے ذمہ لے۔

پیپلز پارٹی کے ایک سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ گورنر اور پیپلزپارٹی میں کھنچاؤ پچھلے چند ہفتوں سے چل رہا ہے اور رمضان میں گورنرسندھ کی انتہائی مصروفیت کے باعث ڈاکٹرعاصم حسین بارہا رابطوں کے باوجود نہ مل سکے تھے۔

اب وقار مہدی اور رضا ہارون کی جانب سے سخت بیانات کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین گورنرہاوس آئے، کامران خان ٹیسوری کو عید کی مبارکباد دی اور ذرائع کے مطابق انہوں نے گورنرسندھ کو اہم سیاسی شخصیت کا پیغام پہنچایا۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین صدر پاکستان آصف علی زرداری کے بھی بااعتماد ساتھی ہیں۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے کوئی اختلافات نہیں،سندھ میں امن اورخوشحالی چاہتا ہوں، انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ ایس آئی ایف سی سندھ کی ترقی کا زینہ ہوگا،اس لیے اسکی سکیورٹی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

گورنر سندھ نے سفارتکاروں سے حالیہ ملاقاتوں کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ سفارتکاروں کوسکیورٹی کی یقین دہانی مل گئی توخلیجی ممالک سندھ میں سرمایہ لگائیں گے جس سے صوبے کےہر شخص کو فائدہ ہوگا۔

ملاقات کے بعد ڈاکٹرعاصم حسین نےگورنر ہاؤس کراچی میں آئی ٹی یونیورسٹی کادورہ بھی کیا،وہ مارکی گئے جہاں 50 ہزارطلباکو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جاتی ہے اور ساڑھے چار لاکھ طلبہ کو یہی کورسز آن لائن بھی کرائے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین نے گورنر ٹیسوری کے اقدامات کو سراہا۔

اس موقع پر گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنرہاؤس کو آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کا وعدہ کسی اورنےکیا تاہم وہ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اس بات کو عملی جامہ پہنانے کا موقع انہیں ملا۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پیپلزپارٹی کے کئی رہنما اس ملاقات پر حیرت ذدہ رہ گئےہیں کیونکہ ڈاکٹر عاصم حسین نے گورنر ہاؤس جاکر کامران ٹیسوری سے نا صرف ون آن ون ملاقات کی بلکہ آئی ٹی یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا۔

 یہ الگ بات ہے کہ ملاقات کی خبریں جیونیوز پر نشر ہونے کے فوری بعد ڈاکٹر عاصم حسین کے ترجمان نے اس بات کی تردید کی کہ انہوں نے گورنر سندھ کو ایک اہم سیاسی شخصیت کا پیغام پہنچایا ہے۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔