جرائم
Time 14 اپریل ، 2024

بھارتی دہشتگرد سربجیت سنگھ پر حملہ کرنیوالا عامر تانبا قاتلانہ حملے میں ہلاک

لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی دہشتگرد سربجیت سنگھ پر حملہ کرنے والا عامر تانبا قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق اسلام پورہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نےکوٹ لکھپت جیل میں بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پر حملے میں ملوث عامر تانبا پر فائرنگ کی جس سے وہ  شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی عامر تانبا کو اسپتال منتقل کیا گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شوٹرز کی تلاش شروع کر دی گئی تاہم بعد ازاں عامر تانبا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔

پولیس نے بتایاکہ عامر تانبا کچھ عرصہ قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آیا تھا۔

خیال رہے کہ 2013 میں کوٹ لکھپت جیل کے 2 قیدیوں عامر تانبا اور مدثر پر جیل میں بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ پر حملے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

حملے میں سربجیت سنگھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔

دوسری جانب پولیس نے عامر تانبا پرقاتلانہ حملے کا مقدمہ اس کے بھائی جنید سرفرازکی مدعیت میں درج کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق دوحملہ آور موٹرسائیکل پر آئے اورگھرکے اوپر والے پورشن میں جاکر عامرکو 3 گولیاں ماریں، ایک حملہ آور نے ہیلمٹ اور دوسرے نے ماسک پہن رکھا تھا۔

مزید خبریں :