14 اپریل ، 2024
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ آج بھی کچھ ایسے سیاستدان ہیں جو پی این اے پارٹ 2 لانا چاہتے ہیں، یہ سیاستدان سازش کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔
گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق مفاہمت کی دعوت بھی دےدی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ کی سیاست سے ملک کو نقصان ہوگا، سیاستدانوں کو چاہیےکہ مل کر عوام کو پریشانی سے نکالیں، جمہوریت کا نقصان ہوگا تو سب سے پہلے نقصان عوام کا ہوگا، سیاسی قوتوں سے اپیل کرتا ہوں ہوش کے ناخن لیں، تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاہمت پر کام کرنا چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو قبر میں آرام کرتے ہوئے بھی حکومت بناتے ہیں اور گراتے ہیں، آج ہم 2 صوبائی حکومتیں سنبھال رہے ہیں، 2 جیالے وز یراعلیٰ منتخب ہوئے، جیالا چیئرمین سینیٹ منتخب ہوا ہے، دوسری بار آصف زرداری کو صدر منتخب کرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین بحال کیا، این ایف سی کے ذریعے صوبوں کو حق دیا، صدر زرداری نے بھٹو کے قتل پر عدالتی ریفرنس بھیجا، سپریم کورٹ سےثابت ہوگیاکہ قائد عوام سے ناانصافی ہوئی اور فیئر ٹرائل نہیں ملا۔ بہت سی قوتیں جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی تھیں، سازشیں پکاتے رہتے تھے، صدر زرداری نے سازشیں ناکام بنائیں۔ آج بھی کچھ سیاستدان ہیں جو پی این اے 2 لانا چاہتے ہیں، کچھ سیاستدان ذاتی اناکے لیے ملک اور عوام کی قسمت سے کھیلتے ہیں، اب وہ دھاندلی کا ڈھول بجا کرملکی معیشت اور ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔