15 اپریل ، 2024
بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے میڈیکل چیک اپ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکر دی۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ زہر کے خدشے کے پیش نظر میری صحت پر اثر ہو سکتا ہے، عدالت شوکت خانم یاکسی مرضی کے پرائیویٹ اسپتال سے ٹیسٹ کرانےکی اجازت دے۔
وکیل شعیب شاہین کی وساطت سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو سب جیل میں میسرباتھ روم میں متعدد خفیہ کیمرے لگے ہیں، سب جیل میں دیا گیا باتھ روم کمپرومائزڈ ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو خوراک میں زہر دیا گیا، سب جیل میں مردوں کی بھاری نفری تعینات ہے، سب جیل میں دیے گئے کھانے پر شدید تشویش اور تحفظات ہیں،کھانے کے بعد منہ اورگلےمیں جلن کا احساس ہے۔
بشریٰ بی بی کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سب جیل میں خود کو محفوظ تصور نہیں کرتی اس لیے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست بھی دی، سب جیل میں جان کو شدید خطرات لاحق ہیں،خدشہ ہے سلوپوائزننگ کے ذریعے انتقام لیا جائےگا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت حاصل بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جائے، فریقین کو آئین کے آرٹیکل 4، 9 اور 14 پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا جائے۔