Time 16 اپریل ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بشریٰ انصاری نے اقبال حسین کے ساتھ شادی کی خبروں کی تصدیق کردی

بشریٰ انصاری نے شوہر ہدایت کار اقبال حسین کے ساتھ اپنے یوٹیوب چینل پر ’ ہماری ملاقات ‘ کے نام سے جاری وی لاگ میں شادی کی تصدیق کی اسکرین گریب
بشریٰ انصاری نے شوہر ہدایت کار اقبال حسین کے ساتھ اپنے یوٹیوب چینل پر ’ ہماری ملاقات ‘ کے نام سے جاری وی لاگ میں شادی کی تصدیق کی اسکرین گریب

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی شادی سے متعلق خبروں کی تصدیق کردی۔

بشریٰ انصاری نے شوہر ہدایت کار اقبال حسین کے ساتھ اپنے یوٹیوب چینل پر ’ ہماری ملاقات ‘  کے نام سے جاری وی لاگ میں  شادی کی تصدیق کی  اور اس دوران بڑی عمر میں شادی کے حوالے سے اپنے خیالات کااظہار کیا۔

وی لاگ میں اقبال حسین نے بتایا کہ ہماری پہلی ملاقات 2016 میں آن ائیر ہونے والے سیریل ’سیتا باگڑی‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی، اس وقت ہم دونوں کی طلاق ہوچکی تھی اور ہم دونوں ہی اکیلے تھے، اس شوٹنگ کے دوران ہی میں نے بشریٰ انصاری کو شادی کی پیشکش کی۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ اقبال حسین  کی طلاق مجھ سے کچھ عرصہ پہلے ہوئی  اور میں نے کچھ عرصے بعد طلاق لی لیکن ہم دونوں اس وقت تک ایک دوسرے سے ملے نہیں تھے، میں نے اپنی طلاق کے حوالے سے کبھی کسی سے بات نہیں کی تھی کیونکہ مجھے طلاق کو قبول کرنے کے لیے ڈیڑھ سال کا عرصہ لگ گیا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ میرا شادی کا دور دور تک کوئی ارادہ نہیں تھا، میں نے اس شادی کیلئے خود کو ایک ڈیڑھ سال کا عرصہ لے کر منایا پھر اس کے بعد میں نے اپنی فیملی سے اقبال حسین کو ملوایا تو سب ان کے گرویدہ ہوگئے۔

اس موقع پر اقبال حسین کا کہنا تھا کہ وہ اپنی عمر سے بڑی خاتون سے شادی سے جُڑے معاشرے میں رائج منفی رویوں کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتے ہیں۔

جوڑے کا کہنا تھا کہ  اگر کسی کی طلاق ہوجائے یا اس کے ساتھی کا انتقال ہوجائے تو اکثربچے اپنے والد کی شادی تو کروا دیتے ہیں لیکن والدہ کو بھی زندگی جینے کا اتنا ہی حق ہے، اگر زندگی میں آپ کو مخلص ساتھی ملے تو اس کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

واضح رہے کہ 2019 میں بشریٰ انصاری اور اقبال حسین  کی شادی کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں تاہم دونوں  شخصیات کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔

بعد ازاں بشریٰ انصاری نے 2020 میں اپنی طلاق پر کھل کر گفتگو کی اور 2023 میں اپنی دوسری شادی کی تصدیق کی تھی لیکن انہوں نے اس وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کی شادی کس سے ہوئی ہے۔

بشریٰ انصاری نے  1978 میں اقبال انصاری سے پہلی شادی کی تھی جس کے 36 سال بعد انہوں نے طلاق لی ، دوسری جانب اقبال حسین کی پہلی شادی اداکارہ اور میزبان فرح حسین سے ہوئی تھی۔

مزید خبریں :