دنیا
Time 16 اپریل ، 2024

متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے باعث ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا

متحدہ عرب امارات میں حکام نے شدید بارشوں اور ژالہ باری کے بعد بیشتر علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موسم کی صورتحال خراب ہے، عوام 'انتہائی چوکس' رہیں۔

متحدہ عرب امارات میں دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت دیگر ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور  ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔

دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوگیا، 17 پروازیں منسوخ کردی گئیں، بازار، شاپنگ مالز اور میٹرو اسٹیشنز میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔

شارجہ کی کئی سڑکیں نہروں میں بدل گئیں، عجمان میں بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی معطل کردیا۔

دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زاید روڈ کے متعدد حصے بند کردیے گئے، شیخ زاید روڈ پر کئی گھنٹوں سے شدید ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے بھی  شیخ زاید روڈ پر پانی جمع۔

دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے عوام کو غیر ضروری سفر نہ کرنے اور متبادل روٹس کےلیے محکمہ ٹرانسپورٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اماراتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہ سکتا ہے۔ حکام نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی اور متحدہ عرب امارات کی دیگر ریاستوں نے شدید بارش سے نمٹنے کیلئے پلان تشکیل دے دیا اور  پلان کے تحت سرکاری دفاتر کو ورک فرام ہوم یعنی گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں تعطیل اور آن لائن کلاسز کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :