نیب نے نواز شریف کو توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس میں بری کرنے کی استدعا کردی

نواز شریف نے تحفے میں ملی گاڑی کو توشہ خانہ میں جمع کرایا اور خریداری کے وقت گاڑی توشہ خانہ کا حصہ نہیں تھی: نیب رپورٹ/ فائل فوٹو
نواز شریف نے تحفے میں ملی گاڑی کو توشہ خانہ میں جمع کرایا اور خریداری کے وقت گاڑی توشہ خانہ کا حصہ نہیں تھی: نیب رپورٹ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس میں نوازشریف کو بری کرنے کی استدعا کردی۔ 

قومی احتساب بیورو (نیب)  نے اسلام آباد کی احتساب عدالت  میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس میں شامل تفتیش کرنے کیلئے عدالتی احکامات پرعملدرآمدرپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے 1997 میں گاڑی اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کوتحفے میں دی تھی، نوازشریف نے تحفے میں ملی گاڑی توشہ خانہ میں جمع کرادی تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 2008 میں اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے نوازشریف کو گاڑی خریدنےکی آفرکی جس پر نوا زشریف نےگاڑی توشہ خانہ سے نہیں وفاقی ٹرانسپورٹ پول سےخریدی تھی جب کہ نواز شریف نے گاڑی کی قیمت جعلی بینک اکاؤنٹ سےادا نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے تحفے میں ملی گاڑی کو توشہ خانہ میں جمع کرایا اور خریداری کے وقت گاڑی توشہ خانہ کا حصہ نہیں تھی۔ 

نیب حکام نے رپورٹ میں کہا کہ احتساب عدالت سابق وزیراعظم نوازشریف کوتوشہ خانہ ریفرنس سے خارج یا بری قرار دے سکتی ہے۔