پاکستان

فوج نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کی درخواست پر فیض حمید کیخلاف انکوائری کمیٹی بنا دی

انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق افواج پاکستان نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کی درخواست پر انکوائری کمیٹی بنا دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کیخلاف انکوائری کمیٹی میجرجنرل کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ انکوائری کمیٹی سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں الزامات کی تحقیقات کرے گی۔

دوسری جانب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کا معاملہ پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں‘ 2017 اور گزشتہ نومبر میں اٹھایا گیا۔

نومبر 2023 میں شاہ زیب خانزادہ  کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل حفیظ الرحمان نے بتایاتھاکہ سپریم کورٹ کے حکم میں واضح کہا گیا ہے اور اٹارنی جنرل نے بھی انڈر ٹیکنگ دی ہے کہ ہمارے پاس درخواست آتی ہے تو اس کو قانون کے مطابق دیکھا جائے گا، اس لیے ہمیں امید ہے ہمیں انصاف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل درخواست دائر نہ کرنے کی وجہ ہمارے کیسز مختلف عدالتوں میں جاری تھے جہاں سے باعزت بری ہونے کے بعد اب یہ معاملہ دیکھیں گے اور ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھاکہ آرمی چیف ہی اتھارٹی ہیں انہوں نے ہی فیصلہ کرنا ہے کیا کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں :