18 اپریل ، 2024
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد صوبے میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ڈینگی پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر صوبائی محکمہ صحت نے ڈینگی کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان تیار کرکےمنظوری کیلئے چیف سیکرٹری کو ارسال کردیا ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں ڈینگی کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔
ایکشن پلان کے مطابق ڈینگی کے لاروا کو بروقت تلف کرنے پر توجہ دی جائے گی اور ڈینگی مریضوں کیلئے سرکاری اسپتالوں میں 1 ہزار 240 بستر مختص کیے جائیں گے۔
ایکشن پلان کے تحت پشاور کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے 300 بیڈز مختص کیے جائیں گے جبکہ ایم ٹی آئی اسپتال بھی ڈینگی کے مریضوں کیلئے الگ وارڈ مختص کیے جائیں گے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں ڈینگی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا جبکہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے محکمہ بلدیات اور پی ڈی ایم اے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔