کچن کی آرائش کے دوران ایک جوڑے نے خزانہ دریافت کرلیا

یہ وہ سکے ہیں / فوٹو بشکریہ ZacharyCulpin
یہ وہ سکے ہیں / فوٹو بشکریہ ZacharyCulpin

کچن کی آرائش کرانا کافی مہنگا ہوتا ہے مگر برطانیہ سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا کو ایسا کرنے سے خزانہ مل گیا۔

برطانیہ کے علاقے ڈورسٹ سے تعلق رکھنے والے رابرٹ فوکس اور بیٹی (Betty) فوکس نے کچن کی مرمت کے دوران 17 ویں صدی کے ایک ہزار سے زائد سکے دریافت کیے۔

یہ جوڑا اپنے فارم ہاؤس کے کچن کے کنکریٹ کے فرش کو توڑ کر چھت کی بلندی بڑھانا چاہتا تھا۔

کچن کے فرش کو توڑنے کے دوران رابرٹ فوکس نے ایک شکستہ برتن دریافت کیا جو 400 سال پرانے سکوں سے بھرا ہوا تھا۔

اس دریافت کے بعد جوڑے نے مقامی حکام سے رابطہ کیا، جس کے بعد سکوں کو صفائی اور شناخت کے لیے برٹش میوزیم بھیجا گیا۔

اب انہیں ڈورسٹ میں ایک نیلام میں فروخت کیا جائے گا اور ماہرین کو توقع ہے کہ یہ سکے 35 ہزار برطانوی پاؤنڈز میں فروخت ہوں گے۔

بیٹی فوکس نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ یہ 400 سال پرانا گھر ہے تو یہاں کافی کچھ ٹھیک کرانے کی ضرورت ہے، ہم تمام چھتوں اور فرش کو توڑ کر نئے بنا رہے ہیں۔

سکے اس برتن میں ملے / فوٹو بشکریہ ZacharyCulpin
سکے اس برتن میں ملے / فوٹو بشکریہ ZacharyCulpin

انہوں نے مزید بتایا کہ 'ایک شام میں اپنے بچوں اور شوہر کے ساتھ کچن میں کھدائی کر رہی تھی تو میرے شوہر نے کہا کہ انہیں کچھ ملا ہے، انہوں نے تمام سکے ایک بالٹی میں رکھے، اگر ہم فرش نہ توڑتے تو وہ سکے اب بھی وہی چھپے ہوتے'۔

انہوں نے یہ دریافت اکتوبر 2019 میں کی تھی مگر اب جا کر اس کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ جیمز اول اور چارلس اول کے عہد کے طلائی اور چاندی کے سکے ہیں۔

ان سکوں کو 23 اپریل کو نیلام کیا جائے گا۔

مزید خبریں :