19 اپریل ، 2024
ایپل نے چین میں ایپ اسٹور سے واٹس ایپ اور تھریڈز ایپس کو ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
امریکی کمپنی کی جانب سے یہ اقدام چین کی حکومت کی ہدایت پر کیا گیا جس کی جانب سے ان ایپس کو قومی سلامتی کے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔
ایپل کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم ان ممالک کے قوانین پر عمل کرتے ہیں جہاں ہم کام کرتے ہیں، چاہے ہمیں ان احکامات سے اتفاق نہ بھی ہو۔
ترجمان کے مطابق سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنا کی جانب سے قومی سلامتی کے خدشات کے باعث ان ایپس کو چینی ایپ اسٹور سے ہٹانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اس نے بتایا کہ یہ ایپس دیگر ممالک کے ایپ اسٹورز میں صارفین کو دستیاب رہیں گی۔
خیال رہے کہ یہ دونوں ایپس میٹا کی زیر ملکیت ہیں اور وہ پہلے ہی چین میں بلاک ہیں اور ان کو زیادہ بڑے پیمانے پر استعمال نہیں کیا جاتا۔
درحقیقت وہاں ان ایپس تک رسائی وی پی این کے ذریعے ہی ممکن ہوتی ہے۔
دیگر سوشل میڈیا ایپس ایکس (ٹوئٹر)، فیس بک، انسٹا گرام اور میسنجر اب بھی چین میں ایپل کے ایپ اسٹورز میں دستیاب ہیں۔
ایپل کی جانب سے یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب چین میں آئی فونز کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
جنوری سے مارچ 2024 کے دوران چین میں آئی فونز کی فروخت میں 10 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔