21 اپریل ، 2024
ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم اہل کاروں پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 کسٹم اہل کار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی حافظ عدنان کے مطابق کسٹم اہل کاروں پر فائرنگ کا واقعہ یارک ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ ناکے پر گاڑی میں بیٹھے کسٹم اہل کاروں پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے 3 کسٹم اہلکار موقع پر ہی شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے۔
ڈی ایس پی حافظ عدنان کے مطابق زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل بھی درابن روڈ پر کسٹم انٹیلیجنس کی گاڑی کو نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا تھا جس میں جس میں انسپکٹر سمیت 5 کسٹم اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔