Time 22 اپریل ، 2024
پاکستان

کراچی ائیرپورٹ سے بھی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہلے ہی کامیابی سے آغاز ہو چکا ہے۔ فوٹو فائل
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہلے ہی کامیابی سے آغاز ہو چکا ہے۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان نے اسلام آباد کے بعد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ فوری طور پر شروع کرنے کا حکم دیدیا۔

اس حوالے سے دو رکنی سعودی وفد نے اتوار کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق سعودی قونصلیٹ جنرل دورہ کرنے والے سعودی وفد کے ہمراہ رہے۔

وفاقی حکومت کے متعلقہ عہدیداروں کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر کے عازمین حج کے امیگریشن اور دیگر تمام ضروری تقاضے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہی پورے کر لیے جائیں گے اور یہاں سے کلیئر شدہ حجاج کرام جدہ ائیرپورٹ اور مدینہ ائیرپورٹ پر امیگریشن کے طویل دورانئے کے عمل سے گزرے بغیر براہ راست اپنی ٹرانسپورٹ کے ذریعے رہائش گاہوں پر چلے جایا کرینگے۔

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہلے ہی کامیابی سے آغاز ہو چکا ہے۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے آغاز کیلئے قائم مقام ائیرپورٹ منیجر نے سعودی وفد کو بریفنگ دی اور وفد کو ائیرپورٹ لاؤنجز کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔

سعودی وفد نے ائیرپورٹ سکیورٹی فورس‘ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی‘ کسٹمز حکام سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

سعودی وفد کی پروسیسنگ ضروریات اور طریقہ کار کے تعین کیلئے ٹیکنیکل ٹیم سے بھی ملاقات کرائی گئی۔

عازمین حج کیلئے کراچی ائیرپورٹ پر سعودی امیگریشن سہولیات کو حتمی شکل چند روز میں دے دی جائے گی۔

مزید خبریں :