دنیا
Time 22 اپریل ، 2024

ویڈیو: مودی نے مسلم دشمنی کی حد پار کردی، بھارتی مسلمانوں کو ’گُھس بیٹھیے‘ قرار دیدیا

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی  مسلمان دشمنی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی، مودی نے بھارتی مسلمانوں کو گُھس بیٹھیے قرار دے دیا۔

بھارت میں انتخابات کے دوران بھارتی وزیراعظم مودی نے انتخابی مہم کی آڑ میں نفرت انگیز تقریر کرتے ہوئے بھارت میں رہنے والے تمام مسلمانوں کو درانداز قرار دے دیا۔

 راجستھان میں انتخابی مہم کےدوران تقریر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آئی تو یہ ملک کی دولت انہیں بانٹیں گے جن کے زیادہ بچے ہیں، گھس بیٹھیوں کو بانٹیں گے۔

مودی کا کہنا تھا کہ کانگریس کے من موہن سنگھ کی حکومت نے پہلے بھی کہا تھا ملک کی دولت پر پہلا حق مسلمانوں کا ہے۔

کانگریس نے مودی کی تقریر پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کا بیان نفرت انگیز اور توجہ ہٹانےکی کوشش ہے، کانگریس نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر تحقیقات کی جائیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں انتخابات کے پہلے مرحلے کا انعقاد 19 اپریل کو ہوا۔ پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں کی 102 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ اس مرحلے کے لیے 1600 سے زائد امیدوار میدان میں تھے جبکہ پہلے مرحلے میں 16 کروڑ 63 لاکھ سے زیادہ ووٹر رجسٹرڈ تھے۔

21 ریاستوں میں لوک سبھا کی 102 نشستوں پر مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ 59.71 فیصد رہا۔

بھار ت میں انتخابات سات مراحل میں یکم جون تک جاری رہیں گے اور نتائج کا اعلان چار جون کو کیا جائے گا۔

نریندر مودی ایک بار پھر حکومت بنانے میں کامیاب ہوئے تو مسلسل تیسری بار منتخب ہونے والے بھارت کے دوسرے وزیرِاعظم ہوں گے۔

مزید خبریں :