کھیل
Time 26 اپریل ، 2024

پہلا T20: ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک رن سے ہرا دیا

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز اسکور کیے—فوٹو: پی سی بی
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز اسکور کیے—فوٹو: پی سی بی

5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک رن سے ہرا دیا۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے آغاز شاندار کیا، سعدیہ اقبال نے صفر پر ہیلی میتھیوز آؤٹ کیا، اسکور 14 ہوا تو ڈیانا بیگ نے شیمائن  کو چلتا کیا  پھر اسٹیفنی ٹیلر نے قیانہ جوزف کے ساتھ رنز  بڑھائے۔

ٹیلر 30 قیانہ جوزف 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں۔ اس کے بعد رنز بھی بنے اور وکٹیں بھی گریں تاہم ویسٹ انڈیز کا اسکور 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 122 رنز رہا۔ گرین شرٹس کی جانب سے فاطمہ ثنا نے تین اور سعدیہ اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں گل فیروزہ اور سدرہ امین نے 37 رنز کی بنیاد رکھی، سدرہ 23 اور گل فیروزہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں  پھر منیبہ علی 18 اور عائشہ ظفر 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

اس کے بعد کپتان ندا ڈار اور عالیہ نے ٹیم کو سنبھالا، ٹیم کو جیت کے قریب لے گئیں  لیکن کرشمہ نے ایک ہی اوور میٰں کہانی پلٹ دی اور گرین شرٹس کی 3 وکٹیں گرائیں، عالیہ 12، فاطمہ صفر اور کپتان ندا کو 27 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

آخر میں ناجیہ اور طوبی نے رنز بنائے لیکن آخری گیند پر دو رنز نہ بنا سکیں  اور  پاکستان کا اسکور آٹھ وکٹ پر 121 رنز رہا یوں اسے ایک رن سے شکست ہوئی۔

سیریز کا دوسرا میچ اتوار کوہوگا۔

مزید خبریں :