27 اپریل ، 2024
واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ٹرمپ سے مباحثے پر رضامندی ظاہر کردی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ ممکنہ طور پر ری پبلکن حریف اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مباحثے کیلئے تیار ہیں، ٹرمپ سے مباحثہ کرکے خوشی ہوگی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر جوبائیڈن کو اپنے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ مباحثے کیلئے تیار ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ کیا جوبائیڈن اس کیلئے راضی ہیں۔
صدر جوبائیڈن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سابق امریکی صدرٹرمپ کی انتخابی مہم کے مشیر نے کہا کہ ٹھیک ہے ٹرمپ اورجوبائیڈن کے درمیان مباحثے کاانتظام کرتےہیں۔
خیال رہے کہ امریکا میں صدارتی الیکشن رواں برس نومبر میں ہوں گے اور کہا جا رہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کا سیلاب روکنا چیلنج ہوگا۔
امریکی صدارتی الیکشنز کے دوران امیدواروں کے درمیان مباحثہ سالوں سے ہی ایک روایت رہی ہے، امریکی صدارتی الیکشنز کے دوران سب سے پہلی ڈیبیٹ سال 1960 میں رچرڈ نکسن اور جان ایف کینیڈی کے درمیان ہوئی تھی۔