پاکستان
Time 27 اپریل ، 2024

عمران کا وتیرہ ہے ایک ہاتھ گریبان، دوسرا پیروں پر ہوتا ہے: سعد رفیق کا فوج سے مذاکرات کے بیان پر ردعمل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہر یار آفریدی کے فوجی قیادت سے براہ راست مذاکرات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان سے بلی تھیلے سے باہر آگئی۔

میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہناتھاکہ نوازشریف کے بارے میں اکثریت چاہتی ہے وہ جماعت کی ذمہ داری سنبھالیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے کہا کہ فوج سےجلد بات کریں گے، اس بیان سے بلی تھیلے سے باہر آگئی، بانی پی ٹی آئی بانی کا وتیرہ ہےکہ ایک ہاتھ گریبان پر اور دوسرا پیروں پر ہوتا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ میں سمجھتا ہوں سیاست دانوں کو ایک دوسرے سے بات کرنی پڑے گی۔

وزیراعلیٰ کے پی علی امین کے بیان پر جواب میں کہا کہ جمہوری سیاست میں جلاؤگھیراؤ نہیں چلتا، علی امین گنڈا پور کو اپنا بیان واپس لینا چاہیے، ان کو وفاق سے اور وفاق کو ان سے تعاون کرنا چاہیے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ فی الوقت حکومت میں گورنرراج کی کوئی سوچ نہیں ہے مگر یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی اسلام آباد پر چڑھائی بھی کرے اور حکومت میں بھی رہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ صرف آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مذاکرات چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ میرے لیڈر کی پہلے دن سے خواہش تھی کہ انگیج کریں، میرا لیڈر انگیج کرنا چاہتا ہے لیکن کوئی رسپانس نہیں آتا، رسپانس آتا تو سب کوپتاچلتا، یہ ملک، فوج اور ادارے میرے ہیں، فوج سے مذاکرات ہوں گے اور بہت جلد ہوں گے۔