دنیا
Time 29 اپریل ، 2024

اسرائیل رفح پر کسی بھی اقدام سے پہلے امریکی خدشات سننے پر رضامند ہے: امریکا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے رفح پر کسی بھی اقدام سے پہلے امریکی خدشات کو سننے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

واشنگٹن میں بریفنگ دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس میں نیشنل سکیورٹی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ مناسب منصوبہ بندی کے بغیر اسرائیل کے رفح آپریشن کی حمایت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے خدشات دور نہیں ہو جاتے اسرائیل نے رفح آپریشن نہ کرنے کا یقین دلایا ہے۔

جان کربی کا کہنا تھاکہ امریکی وزیرخارجہ رفح آپریشن سے متعلق اسرائیلی حکام سے ملاقات کریں گے، غزہ میں عارضی جنگ بندی وزیر خارجہ کا ٹاپ ایجنڈا ہے، کم ازکم 6 ہفتے کی جنگ بندی چاہتے ہیں۔

دوسری جانب رفح پر اسرائیل نے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید 13 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے صیہونی فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں تین گھروں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملہ کیا جس میں کم از کم 13 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

حماس کے میڈیا ونگ کی جانب سے اسرائیلی فضائی حملے میں شہادتوں کی تعداد 15 بتائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیل کے جارحانہ حملوں کے بعد لاکھوں بے گھر فلسطینی رفح میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ رفح پر تازہ حملہ مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر مذاکرات کے نئے دور کے آغاز سے چند گھنٹے قبل کیا گیا۔

مزید خبریں :