Time 30 اپریل ، 2024
کھیل

ہائبرڈ ماڈل کی کوئی بات نہیں، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی: چیئرمین پی سی بی

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہوگی اور پاکستان میں ہی ہوگی، ہماری تیاریاں جاری ہیں،کہیں ایک موقع پر بھی تیاری نہیں رکےگی۔

کراچی میں  قائم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور متصل اوول کرکٹ گراؤنڈ کے دورے کے موقع پر  صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں نہ آنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، نہ  ہی چیمپئنز  ٹرافی پاکستان میں نہ ہونےکی کوئی وجہ ہے، ہائبرڈ  ماڈل کی کوئی بات نہیں ہے، ہم نے شیڈول بھیج دیا ہے تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی، بھارت پروپیگنڈا کر رہا ہے تو آپ لوگ بھی کریں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری آٹھ کی آٹھ ٹیمیں پاکستان آئیں گی،  نیشنل اسٹیڈیم  میں کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کرنا ہے، دن رات یہیں بیٹھ جائیں گے، اسٹیڈیم کے ترقیاتی کام کے لیے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ رکھے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ  کل صبح انگلینڈ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ  ویمن ٹیم جیتا جتایا میچ ہار گئی ، شکست کا دکھ ہے، ویمن ٹیم پر ہمیں ابھی بہت کام کرنا ہے،  ویمن ٹیم کے لیے بھی غیر ملکی کوچ تلاش کیا جارہا ہے، خواتین کرکٹرز کے لیے بھی ویسے ہی اقدامات ہوں گے جیسے مینز کے لیے ہوئے،کرکٹ کا پیسا کرکٹ پر لگےگا، یہ بینکوں میں نہیں رکھا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ  ایف آئی والا معاملہ اتنا بڑا نہیں، وہ ادارہ بھی میرے ماتحت ہے، جو ہوگا اندرونی طور پر حل کریں گے۔

مزید خبریں :