01 مئی ، 2024
صدر مملکت آصف زرداری سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ملاقات کی۔
ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور دیگر شریک تھے جبکہ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق ایم کیوایم وفد نے آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دی جبکہ صدرمملکت نے مبارکباد دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت آصف زرداری سے کراچی میں امن وامان سے متعلق بات چیت کی۔
اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہناتھاکہ سندھ میں امن امان سے متعلق آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کرنے آئے ہیں، امن امان کی بحالی میں ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لےکر چلیں گے۔
ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت آصف زرداری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔